23

پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے

وہ۔ “ آپ پاکستان سے ہیں؟ وہ تو بہت گرم ملک ہے۔ یہاں کی ٹھنڈ اور برف باری سے آپ کو کیسا محسوس ہوتا ہے؟”
ہم: ( جو گفتگو کو اس موڑ پر لانے کے لیے بیتاب رہتے ہیں کہ کہیں تو بہر خدا آج ذکر یار چلے)
“پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے۔ جس کے موسم اور جغرافیائی
حالات میں بہت تنوع پایا جاتا ہے۔

مثلاً یہ ٹھیک ہے کہ ہمارے یہاں دنیا کی کچھ گرم ترین علاقے بھی ہیں مگر شمال کی طرف دنیا کے سرد ترین مقامات اور کچھ اہم گلیشئر بھی پاۓ جاتے ہیں۔ پاکستان میں دنیا کی چودہ میں سے چار بلند ترین چوٹیاں پائی جاتی ہیں۔ ہمالیہ کا مشہور زمانہ سلسلہ بھی پاکستان سے گزرتا ہے۔ اور دلچسپ بات یہ کہ جنوب میں ریتیلا ریگستان بھی ہے۔ ہمارا تعلق ملک کے ساحلی علاقے سے ہے جہاں موسم معتدل رہتا ہے۔ اسی وجہ سے ہمارے ملک میں آپ کو ہر طرح کے موسم اور برف باری اور لو اور پہاڑ، سمندر، صحرا سب ملیں گے۔
اس لیے ایسا نہیں کہ یہ سب پہلی بار دیکھا ہو!”

وہ : ( مسکراتے ہوۓ حیرت سے )
“Sounds like Pakistan is a huge country.”

ہم نچلا ہونٹ دانتوں تلے دبا کر خود سے گویا ہوۓ،
“کہیں زیادہ تو نہیں ہو گیا ؟” 🙂
(بندہ خوشی کے دن تو خوش ہو لے۔ ایسی بھی کیا خود ترسی!)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں